کینیڈا کی تقریباً تمام جامعات عالمی درجہ بندی میں تنزلی کا شکار
کینیڈا: عالمی سطح پر اعلیٰ تعلیمی اداروں کی تازہ درجہ بندی میں کینیڈا کی تقریباً تمام جامعات کی پوزیشن میں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جو عالمی سطح پر بہتر فنڈنگ حاصل کرنے والے اداروں کے بڑھتے ہوئے دباؤ کی عکاسی کرتی ہے۔یہ درجہ بندی پیر کے روز سینٹر فار ورلڈ یونیورسٹی رینکنگز (سی ڈبلیو یو آر) کی جانب سے جاری کی گئی، جس کے مطابق کینیڈا کی 38 میں سے 37 جامعات گزشتہ سال کے مقابلے میں نیچے آ گئی ہیں، جبکہ صرف ایک جامعہ اپنی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہی۔یونیورسٹی آف ٹورنٹو بدستور کینیڈا کی سرفہرست جامعہ رہی اور عالمی سطح پر 23ویں نمبر پر اپنی پوزیشن برقرار رکھی۔ مک گل یونیورسٹی ایک درجہ تنزلی کے بعد 28ویں نمبر پر آ گئی، جبکہ یونیورسٹی آف برٹش کولمبیا 48ویں سے گر کر 49ویں نمبر پر پہنچ گئی۔اسی طرح یونیورسٹی آف البرٹا 82ویں نمبر پر رہی، جبکہ یونیورسٹی آف مونٹریال 126ویں نمبر پر موجود ہے۔سی ڈبلیو یو آر کی 2026 کی درجہ بندی کے مطابق کینیڈا کی ٹاپ 10 جامعات میں ویسٹرن یونیورسٹی (187)، مک ماسٹر یونیورسٹی (190)، یونیورسٹی آف کیلگری (203)، یونیورسٹی آف واٹرلو (216) اور یونیورسٹی آف اوٹاوا (226) بھی شامل ہیں۔سینٹر فار ورلڈ یونیورسٹی رینکنگز کے صدر ڈاکٹر ندیم مہاسن کے مطابق کینیڈا کی جامعات کی یہ تنزلی کئی برسوں سے ناکافی فنڈنگ اور تعلیم و سائنس کو بطور عوامی خدمت کم اہمیت دینے کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کینیڈا کی جامعات کو معیاری تعلیم فراہم کرنے، باصلاحیت افراد کو راغب کرنے اور تحقیق کے میدان میں مؤثر کارکردگی دکھانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ڈاکٹر مہاسن کے مطابق یہ مسئلہ صرف تعلیمی نہیں بلکہ قومی سطح کا چیلنج بن چکا ہے، کیونکہ اعلیٰ تعلیم کے نظام میں کمزوری سائنسی ترقی، جدت اور ملک کے طویل مدتی مستقبل کو متاثر کر سکتی ہے۔
Mohammad Shams Aghaz is an Urdu journalist and media professional based in Delhi with over a decade of experience across print, digital, and broadcast newsrooms. He holds an MA in Urdu from Jamia Millia Islamia and a Diploma in Journalism & Mass Communication. At StudioX News Urdu, he covers immigration, settlement, community life, and public-interest stories for Canada's Urdu-speaking diaspora.

