تفریح

اجیت کمار کی والدہ کے انتقال پر فلمی و سیاسی شخصیات کی آمد،تمل ناڈو کے وزیر اعلی وجے  نے تعزیت پیش کی

📷 Film and political figures arrive on the death of Ajith Kumar's mother, Tamil Nadu Chief Minister Vijay offers condolences

اجیت کمار کی والدہ کے انتقال پر فلمی و سیاسی شخصیات کی آمد،تمل ناڈو کے وزیر اعلی وجے  نے تعزیت پیش کی

چنئی: تامل فلم انڈسٹری کے معروف اداکار اجیت کمار کی والدہ موہنی مانی کے انتقال پر تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔ 85 سالہ موہنی مانی نے گزشتہ روز چنئی میں طویل علالت کے بعد آخری سانس لی، جس کے بعد فلمی دنیا اور سیاسی حلقوں میں سوگ کی لہر دوڑ گئی۔

والدہ کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد متعدد معروف شخصیات نے اجیت کمار اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ اسی دوران ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں اداکار اور سیاسی رہنما اور تمل ناڈو کے وزیر اعلی  وجے گذشتہ شب اجیت کمار کی رہائش گاہ پہنچتے دکھائی دے رہے ہیں۔ ان کے ہمراہ معروف اداکارہ تریشا کرشنن بھی موجود تھیں۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وجے گاڑی سے اتر کر ہاتھ میں پھولوں کا ہار لیے گھر کے اندر داخل ہوتے ہیں، جبکہ تریشا کرشنن بھی سیاہ لباس میں تعزیت کے لیے پہنچتی ہیں۔ بعد ازاں اجیت کمار اپنے مہمانوں کا استقبال کرتے ہیں اور وجے سے گلے مل کر دکھ کا اظہار کرتے ہیں۔ اس موقع پر تریشا نے بھی اہل خانہ سے ملاقات کرکے تعزیت پیش کی۔

رپورٹس کے مطابق والدہ کے انتقال کے وقت اجیت کمار دبئی میں موجود تھے، تاہم افسوسناک خبر ملتے ہی وہ فوری طور پر چنئی روانہ ہو گئے۔ خاندان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ موہنی مانی گزشتہ کچھ عرصے سے عمر رسیدگی اور صحت کے مسائل کا سامنا کر رہی تھیں۔

اطلاعات کے مطابق مرحومہ کی آخری رسومات آج چنئی کے علاقے پالاواککم میں واقع اجیت کمار کی رہائش گاہ پر ادا کی جائیں گی، جہاں قریبی رشتہ داروں، دوستوں اور فلمی شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر مداحوں اور فلمی شخصیات کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ متعدد اداکاروں اور ہدایت کاروں نے اجیت کمار کے غم میں برابر کے شریک ہونے کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ اجیت کمارساوتھ انڈیا کے کامیاب ترین اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔ فلمی دنیا میں اپنی منفرد شناخت بنانے کے ساتھ ساتھ وہ موٹر ریسنگ کے میدان میں بھی نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 1990 کی دہائی میں کیا اور بعد ازاں متعدد سپر ہٹ فلموں کے ذریعے تامل سنیما کے صفِ اول کے اداکار بن گئے۔ ان کی کامیاب فلموں میں “آسائی”، “بلا”، “ویرم” اور “وشواسَم” خاص طور پر شامل ہیں، جنہوں نے انہیں لاکھوں مداحوں کا پسندیدہ ستارہ بنا دیا۔

Urdu contributor

Mohammad Shams Aghaz is an Urdu journalist and media professional based in Delhi with over a decade of experience across print, digital, and broadcast newsrooms. He holds an MA in Urdu from Jamia Millia Islamia and a Diploma in Journalism & Mass Communication. At StudioX News Urdu, he covers immigration, settlement, community life, and public-interest stories for Canada's Urdu-speaking diaspora.

Follow StudioX Urdu News:

Read in other languages:

Related Stories