صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود مدنی کی ہدایت پرقانونی چارہ جوئی کے لیےوکلا پینل قائم ۔
مساجد، درگاہوں اور مکانوں کے انہدام پر سخت اعتراض؛ متعدد متاثرہ علاقوں کا دورہ
نئی دہلی، 30 جون: جمعیۃ علماء ہند کے ناظم عمومی مولانا محمد حکیم الدین قاسمی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحیٰ وفد نے آج ضلع کلکٹر آفس بھج میں ریزیڈنٹ ایڈیشنل کلکٹر پارتھ کوٹڈیا سے ملاقات کی اوربھج میں حالیہ انہدامی کارروائیوں پر شدید تشویش اور احتجاج درج کرایا۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ تمام کارروائیاں سپریم کورٹ کی ہدایات اور قدرتی انصاف کے مطابق انجام دی جائیں ۔
وفد نے ریزیڈنٹ ایڈیشنل کلکٹر کے سامنے سوال اٹھایا
وفد نے ریزیڈنٹ ایڈیشنل کلکٹر کے سامنے سوال اٹھایا کہ جن علاقوں میں انہدامی کارروائیاں کی گئی ہیں وہ بین الاقوامی سرحد سے کافی فاصلے پر واقع ہیں، اس لیے ان کارروائیوں کی قانونی بنیاد کیا ہے۔ وفد نے یہ بھی کہا کہ اگر کسی علاقے کا تعلق سرحدی خطے سے ہو تب بھی کسی شہری یا مذہبی مقام کے خلاف کارروائی صرف قانون کے مطابق ہی کی جا سکتی ہے اور اس کے لیے آئینی تقاضوں اور عدالتی رہنما اصولوں کی مکمل پابندی ضروری ہے۔وفد نے انتظامیہ کے سامنے متعدد مطالبات بھی پیش کیے، جن میں نانا ورنورا میں مکانات اور دکانوں کے انہدام کی قانونی بنیاد واضح کرنا، سرپنچ کے مبینہ جعلی دستخط کے معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیق، نابالغ بچوں سمیت گرفتار افراد کی رہائی، متاثرہ خاندانوں کی بازآبادکاری اور مناسب معاوضہ، مساجد، درگاہوں، دینی اداروں اور اوقافی املاک سے متعلق کارروائیوں میں آئین اور سپریم کورٹ کی ہدایات کی مکمل پابندی اور آئندہ کسی بھی انہدامی کارروائی سے قبل مناسب نوٹس اور مؤثر سماعت کو یقینی بنانا شامل ہے۔
ریزیڈنٹ ایڈیشنل کلکٹر پارتھ کوٹڈیا نے وفد کی جانب سے پیش کیے گئے نکات کو غور سے سنا
ریزیڈنٹ ایڈیشنل کلکٹر پارتھ کوٹڈیا نے وفد کی جانب سے پیش کیے گئے نکات کو غور سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ تمام معاملات متعلقہ حکام کے سامنے رکھے جائیں گے اور قانون کے مطابق ان کا جائزہ لیا جائے گا۔وفد میں سربراہ وفد کے علاوہ حاجی محمد ہارون صدرجمعیۃ علماء مدھیہ پردیش، نور محمد رائماسکریٹری جمعیۃ علماء بھج،عتیق الرحمن قریشی ناظمِ تنظیم جمعیۃ علماء گجرات، سلیم بھائی رائما سکریٹری جمعیۃ علماء انجار، ، مولانا ابوالحسن سیوانی آرگنائزر جمعیۃ علماء ہند، مفتی انیس جمعیۃ چلڈرن ولیج، انجار، عبدالکریم بافن ، محمد انیس قریشی اور دیگر ذمہ داران شریک تھے۔
جمعیۃ علماء ہند نے اس معاملے میں آئندہ کی قانونی حکمت عملی طے کرنے کے لیے بھج میں سینئر وکلاء کے ساتھ ایک تفصیلی مشاورتی میٹنگ بھی منعقد کی اور صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی کی ہدایت پر وکیلوں کا ایک پینل بھی قائم کیا۔
انتظامیہ کی ملاقات سے قبل جمعیۃ علماء ہند کے وفد نے ضلع کچھ کے متاثرہ علاقوں خصوصاً نانا ورنورا، دنارا، کھاوڑا اور توگا کا دورہ کرکے متاثرہ خاندانوں، مقامی علماء اور ذمہ داران سے ملاقات کی اور زمینی صورتحال کا جائزہ لیا۔نانا ورنورا میں وفد نے منہدم شدہ مکانات اور دکانوں کا معائنہ کیا۔ مقامی افراد کے مطابق حالیہ کارروائی میں 17 مکانات، 21 دکانیں منہدم کی گئیں، جبکہ احتجاج کے بعد 25 افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں 6 نابالغ بھی شامل ہیں۔ وفد نے متعلقہ دستاویزات اور ریکارڈ کا بھی جائزہ لیا۔ مقامی سرپنچ عبداللطیف کیور نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ بعض نوٹسوں پر ان کے جعلی دستخط کیے گئے جس پر وفد نے آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔دنارا، کھاوڑا اور توگا میں مقامی ذمہ داران نے وفد کو بتایا کہ توگا کی مسجد کو مختصر مہلت کے بعد منہدم کر دیا گیا، جبکہ اس سے قبل آدی پور (کنڈلا) کی ایک مسجد بھی انہدامی کارروائی کا نشانہ بن چکی ہے۔ وفد نے ان تمام معاملات کے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے یقین دلایا کہ جمعیۃ علماء ہند متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کے آئینی و قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قانونی جدوجہد جاری رکھے گی۔اس موقع پر مولانا محمد حکیم الدین قاسمی نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کا ضلع کچھ سے تعلق کئی دہائیوں پر محیط ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب 2001 میں تباہ کن زلزلہ آیا تھا تو جمعیۃعلماء ہند کے موجودہ صدر حضرت مولانا محمود اسعد مدنی کی قیادت میں سب سے پہلے قافلہ یہاں پہنچا تھا۔ جمعیۃ نے متاثرین کی بازآبادکاری کے لیے سیکڑوں مکانات تعمیر کیے اور جمعیۃ چلڈرن ولیج جیسے مستقل تعلیمی و فلاحی ادارے قائم کیے۔ انہوں نے کہا کہ اسی دیرینہ تعلق اور انسانی ذمہ داری کے تحت جمعیۃ علماء ہند آج بھی متاثرہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑ سکتی اور ان کے آئینی و قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن جدوجہد جاری رکھے گی۔
Mohammad Shams Aghaz is an Urdu journalist and media professional based in Delhi with over a decade of experience across print, digital, and broadcast newsrooms. He holds an MA in Urdu from Jamia Millia Islamia and a Diploma in Journalism & Mass Communication. At StudioX News Urdu, he covers immigration, settlement, community life, and public-interest stories for Canada's Urdu-speaking diaspora.

