کرکٹ کینیڈا کو بڑا جھٹکا، آئی سی سی نے رکنیت معطل کر دی
کینیڈا: بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کرکٹ کینیڈا کی رکنیت فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ عالمی کرکٹ تنظیم کا کہنا ہے کہ کرکٹ کینیڈا اپنی رکنیت سے متعلق متعدد بنیادی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی، جس کے باعث یہ سخت فیصلہ لیا گیا۔
آئی سی سی بورڈ کا یہ فیصلہ احمد آباد میں منعقدہ اجلاس کے دوران کیا گیا۔ تاہم عالمی ادارے نے واضح کیا ہے کہ کینیڈا کی قومی کرکٹ ٹیموں کو بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں شرکت کی اجازت برقرار رہے گی اور ان کی سرگرمیوں کے لیے مالی معاونت بھی ایک خصوصی نگرانی کے نظام کے تحت جاری رکھی جائے گی۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چند ہفتے قبل کرکٹ کینیڈا کے انتظامی معاملات اور گورننس سے متعلق سنگین الزامات سامنے آئے تھے۔ اپریل میں نشر ہونے والی ایک تحقیقاتی رپورٹ میں بعض کھلاڑیوں اور عہدیداروں پر بدعنوانی، میچ فکسنگ اور دھمکی آمیز رویوں کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ ان انکشافات کے بعد آئی سی سی کے انسدادِ بدعنوانی یونٹ نے معاملے کی تحقیقات شروع کی تھیں۔
آئی سی سی کے مطابق کرکٹ کینیڈا کی بحالی کے لیے ایک جامع اصلاحی منصوبہ تیار کیا گیا ہے، جس کے تحت ادارے کو انتظامی شفافیت، گورننس اور مالیاتی نظام میں بنیادی اصلاحات نافذ کرنا ہوں گی۔
عالمی کرکٹ کونسل نے کہا ہے کہ ایک خصوصی “نارملائزیشن کمیٹی” کرکٹ کینیڈا کی کارکردگی اور اصلاحی اقدامات کی نگرانی کرے گی۔ کمیٹی کی سفارشات اور مقررہ شرائط کی مکمل تکمیل کے بعد ہی کرکٹ کینیڈا کی رکنیت بحال کرنے پر غور کیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق آئی سی سی کا یہ اقدام کرکٹ کینیڈا کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے، تاہم قومی ٹیموں کو مقابلوں میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کینیڈین کھلاڑیوں اور شائقینِ کرکٹ کے لیے کسی حد تک اطمینان کا باعث بنے گا۔

Mohammad Shams Aghaz is an Urdu journalist and media professional based in Delhi with over a decade of experience across print, digital, and broadcast newsrooms. He holds an MA in Urdu from Jamia Millia Islamia and a Diploma in Journalism & Mass Communication. At StudioX News Urdu, he covers immigration, settlement, community life, and public-interest stories for Canada's Urdu-speaking diaspora.

